ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مسجد کے لاؤڈ اسپیکر پر اناپ شناپ بولنا بند کرنے راج ٹھاکرے کو مرکزی وزیر اٹھاولے کی وارننگ

مسجد کے لاؤڈ اسپیکر پر اناپ شناپ بولنا بند کرنے راج ٹھاکرے کو مرکزی وزیر اٹھاولے کی وارننگ

Wed, 20 Apr 2022 13:37:32    S.O. News Service

ممبئی ، 20؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) مسجدوں کے لاؤڈ اسپیکر کے خلاف کی جا رہی بیان بازیوں کے درمیان مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے راج ٹھاکرے کو حدف تنقید بنایا یے اور مسجدوں سے لاؤڈ اسپیکر اتارنے کا الٹی میٹم دینے والے راج ٹھاکرے کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہاراشٹرا میں لاؤڈ اسپیکر پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔

رام داس اٹھاولے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر سیاست غلط ہے۔ انہوں نے کہا، ’’مسجدوں میں کئی سالوں سے لاؤڈ اسپیکر لگے ہوئے ہیں۔ مسلم سماج اس بات پر غور کر سکتا ہے کہ لاؤڈ سپیکر کے ساتھ کیا کیا جائے، لیکن میرے خیال میں ایک مذہب کے لوگوں کو دوسرے مذہب کا احترام کرنا چاہیے۔‘‘

راج ٹھاکرے کو سیکورٹی فراہم کئے جانے کے سوال پر اٹھاولے نے کہا کہ راج ٹھاکرے کے پاس پہلے سے ہی سیکورٹی ہے۔ لہذا مرکز کو اضافی سیکورٹی دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ اٹھاولے نے کہا کہ لیڈروں میں اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن ان کی جان کی حفاظت کی ذمہ داری مرکز اور ریاستی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ اٹھاولے نے مزید کہا کہ راج ٹھاکرے کو اناپ شناپ بکنا بند کرنا چاہئے۔

راج ٹھاکرے کی بیان بازی کو بی جے پی کے کئی لیڈروں کی حمایت بھی مل رہی ہے جس کے بعد شیو سینا الزام لگا رہی ہے کہ بی جے پی ایم این ایس کے ساتھ مل کر یہ سیاست کر رہی ہے۔ اس پر رام داس اٹھاولے نے کہا کہ اس کا بی جے پی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، مہاراشٹر میں امن و امان کی صورتحال پیدا ہوئی ہے، پورے ملک میں یہ صورتحال نہیں ہے، راج ٹھاکرے کا کردار لوگوں کو پریشان کرنا ہے، ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

رام داس اٹھاولے نے کہا کہ ’’لاؤڈ اسپیکر نوراتری اور دیگر تہواروں پر بھی چلتے ہیں۔ ہم مسجد کے لاؤڈ اسپیکر کے خلاف بیان بازی کرنے والے راج ٹھاکرے کے کردار کی مخالفت کرتے ہیں۔ اگر راج ٹھاکرے مندروں پر بھی لاؤڈ اسپیکر لگانا چاہتے ہیں تو وہ لگا سکتے ہیں۔ اگر مسجد کے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے گئے تو ہماری ریپبلیکن پارٹی احتجاج کرے گی۔‘‘


Share: